Mufti Naeem Sahab (DB)

.

HAJJ DUAs

RECENT POSTS

ARCHIVES

CATEGORIES

META

حضرت مولانا مفتی محمد نعیم صاحب دامت برکاتہم

نام:ـ محمد نعیم بن بشیر احمد
دینی تعلیم -:آٹھ سالہ درسِ نظامی کورس ‘‘وفاق المدارس العر بیہ ملتان پاکستان ’’کے تحت ملک کی معروف ومشہور دینی درسگاہ جامعہ امدادیہ فیصل آباد میں مکمل کیا اور اس کے بعد ایشیاء کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ دارالعلوم کراچی سے تین سالہ تخصص فی الافتاء (Specialization)شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی صاحب مد ظلہ کی زیرِ نگرانی مکمل کیا ۔ اور اس کے اختتام پر بطورمقالہ کےامام طحاوی رحمۃ اللہ علیہ کی کتاب معانی الآثار کی شرح ‘‘ نخب الافکار ’’ پر کام کیا ہے جوکہ تقریباً چھ سو(۶۰۰) صفحات پر مشتمل ہے ۔

عصری تعلیم -:حضرت نے میٹرک ریگولر سائنس میں کی اور پورے سینٹر میں اعلیٰ کامیابی حاصل کرتے ہو ئے فرسٹ پوزیشن حاصل کی ۔
مشاغل:- گزشتہ دس سال سے ملک کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ اشرف المدارس کراچی کے شعبہ درسِ نظامی میں تدریس کے ساتھ ساتھ تخصّص فی الافتاء میں اپنی گوناں گوں ذمہ داریاں بحسنِ خوبی انجام دے رہے ہیں اور اپنی خداداد صلاحیتوں اور حسنِ کا کردگی کے بسبب گذشتہ تقریباً دو سال سے تخصص فی الافتاءکے نگرانِ اعلیٰ اور رئیس دارالافتاءکے منصب پر فائز ہیں۔ اور اس کے علاوہ تقریبا گزشتہ چھ برس ڈیفینس آفیسرز کالونی فیز 2ملیر کینٹ کراچی میں امامت و خطابت کی خدمات انجام دیں اور اب فی الحال جامع مسجد عسکری(V) ملیر کینٹ میں امامت اور خطابت کے ساتھ ساتھ درسِ قرآن اور درسِ حدیث کاسلسلہ بحسنِ خوبی اور نافعیت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔
اساتذہ-:آپ نے ملک کی عظیم اور مایہ ناز شخصیات سے شرف تلمذحاصل کیا جن میں سے چند یہ ہیں :
1۔ حضرت مولانا نذیر احمد صاحب رحمۃ اللہ علیہ سابق شیخ الحدیث ومہتمم جا معہ امدادیہ فیصل آباد ۔
2۔ شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم شیخ الحدیث ونائب صدر جامعہ دارالعلوم کراچی ۔
3۔ حضرت مفتی محمدطیب صاحب دامت برکاتہم مہتمم جا معہ امدادیہ فیصل آباد ۔
4۔ حضرت مولانا زاہد صاحب دامت برکاتہم استاذالحدیث جا معہ امدادیہ فیصل آباد۔
5۔ حضرت مولانا مفتی محمد مجاہد شہید رحمۃ اللہ علیہ ا ستاذالحدیث جا معہ امدادیہ فیصل آباد۔
6۔ حضرت مفتی محمود اشرف صاحب دامت برکاتہم نائب شیخ الحدیث جامعہ دارالعلوم کراچی ۔
7۔ حضرت مفتی عبدالرؤف سکھروی صاحب دامت برکاتہم استاذالحدیث جامعہ دارالعلوم کراچی ۔
اصلاحی تعلق-:
چشمہ علم سے سیرابی کے شوق نے آپ کو کوچہ معرفت کی سیر سے غافل نہ رکھا ،چنانچہ زمانہ طالب علمی ہی میں آپ نے مسیح الامت حضرت مولانا مسیح اللہ خان صاحب جلال آبادی رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ ارشد شفیق الامت حضرت حاجی فاروق صاحب سکھروی رحمۃ اللہ علیہ سے بیعت واصلاح کاتعلق قائم کیا پھر حضرت کے وصال کے بعد حضرت کے خلیفہ خاص حضرت اقدس ڈاکڑ صابر صاحب رحمۃ اللہ علیہ سےبیعت ہوئے اورپھر ان کے وصال کے بعد عارف باللہ شیخ العرب والعجم حضرت اقدس مولانا شاہ حکیم محمداختر صاحب دامت برکاتہم سے بیعت کی درخواست کی حضرت والانے کمال ِشفقت کا مظاہرہ فرماتے ہوئے بیعت فرمالیا اورساتھ ہی خلافت بھی عنایت فرمائی-
تالیفات :۔
حضرت کواللہ رب العزت نے جس طرح خطابت میں کمال بخشااسی طرح انشاء وتحریر میں بھی حد درجہ مہارت عطافرمائی اللہ تعالی ٰ کی اس نعمت کوکام لاتے ہوئے حضرت نے ایسی کتابیں تالیف فرمائیں کہ جن سے عوام وخواص کوخوب سیرابی کاموقع مل گیا جن میں سے اکثر زیور طبع سے آراستہ ہوکر منظر عام پرآچکی ہیں ان میں سے چند یہ ہیں۔
(1) فضائل ایمان-:
اس کتاب میں ایمان کے فضائل اور خصوصاًمسلمانوں کےلئے ایمان کی حفاظت کے اسباب پر نہایت سہل انداز میں گفتگوکی گئی ہے ۔

(2) تفہیم الفقہ (جلد ۱)-:
عبادات کےمسائل کونہایت ہی سہل انداز میں عوم الناس اورعلماءکرام کےلئے پیش کرکے ان سےداد وصول کی ہے اور اب یہ اندرون وبیرون ممالک میں بہت سے مدارس اسلامیہ اور جدید اسلامی کورسزمیں داخل نصاب ہے اور درساًپڑھائی جاتی ہے۔ جبکہ اس کتاب کی بقیہ جلدوں پر کام جاری ہے-

(3) لغت القرآن-: (Quranic Dictonary)
اس کتاب میں قرآن پاک کے صیغوں اور اسماءکوالگ الگ کرکے طلباء اور عوام الناس کےلئے قرآن فہمی کاراستہ آسان کیا گیا ہے۔

(4) معلم القرآن(Quranic Teacher)-:
اس کتاب میں عربی گرامر اور قرآن سمجھنے کے اصولوں کونہایت ہی آسان انداز میں پیش کیا گیاہے اور تفسیر کے اصولوں اور اکابر کی تفاسیر کا مختصر مگر دلنشین انداز میں تعارف کروایا گیا ہے۔

(5) مثنوی مولانا روم ؒکے ایمان افروز واقعات-:

اس کتاب میں عارف باللہ شیخ العرب والعجم حضرت اقدس مولانا شاہ حکیم محمداختر صاحب دامت برکاتہم کی کتاب معارفِ مثنوی میں مذکور واقعات میں سے ایمان افروز واقعات کو انتہائی سہل انداز میں لکھاہے ۔

(6) مسنون نماز اور مقبول دعائیں-:
اس کتاب میں نماز کے مسائل کا ایسا مکمل اور سلیس مجموعہ لکھا گیا ہے کہ جس سے ہر خاص و عام آسانی سے استفادہ کر سکتا ہے۔اور اس کے علاوہ اس کتاب میں چوبیس گھنٹے کی مسنون دعائیں اور دیگر وظائف بھی لکھے گئے ہیں ۔

(7) ایمان افروز دعائیں -:
اس کتاب میں قرآن مجید کی خاص خاص سورتوں کے فضائل بیان کرنے کے ساتھ ساتھ قرآن وسنت کی پُرسوز دعائیں اور روز مرّہ پڑھنے کی سات منزلیں مع مجرّب اور مستند دُرود شریف کے ذکر کی گئی ہیں ۔

(8) ایمان افروز احادیث -:
اس کتاب میں شیخ سید احمدالھاشمی رحمۃ اللہ علیہ کی عربی کتاب ‘‘ مختار الاحادیث النبویہ ’’ کا سلیس اردو ترجمہ لکھا گیا ہے جس میں بارہ سو (1200)احادیث حروف تہجی کی ترتیب پر جمع کی گئی ہیں ۔

Menu Title